کیف: یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے فوج کے کمانڈر اِن چیف اولیکسینڈر سرسکی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ جنگی تجربہ رکھنے والے جنرل میخائیلو ڈراپاتی کو نیا کمانڈر اِن چیف مقرر کر دیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ وزیر دفاع میخائیلو فیڈوروف کی حالیہ برطرفی کے چند روز بعد سامنے آیا ہے، جس پر ملک بھر میں عوامی احتجاج بھی کیا گیا تھا۔
کراچی کے ولیکا اسپتال میں مزید 16 بچوں میں ایچ آئی وی کا انکشاف
ابتدائی طور پر یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ فیڈوروف کی برطرفی کی وجہ ان کے اور اولیکسینڈر سرسکی کے درمیان اختلافات تھے، تاہم بعد میں ان اطلاعات کی تصدیق بھی سامنے آئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 60 سالہ اولیکسینڈر سرسکی کو یوکرین میں ایسے فوجی کمانڈر کے طور پر دیکھا جاتا تھا جو سوویت طرزِ فکر رکھتے تھے اور فوج میں بنیادی اصلاحات کے حامی نہیں تھے۔
ان کی جگہ مقرر کیے گئے جنرل میخائیلو ڈراپاتی کو ایک تجربہ کار اور مقبول فوجی رہنما تصور کیا جاتا ہے، جنہوں نے مختلف محاذوں پر اہم عسکری ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔
منگل کی شب سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں صدر زیلنسکی نے اولیکسینڈر سرسکی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2022 میں روس کے مکمل حملے کے ابتدائی دنوں میں دارالحکومت کیف کے کامیاب دفاع میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔
زیلنسکی نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اسی روز سابق وزیر دفاع میخائیلو فیڈوروف سے ملاقات کی اور انہیں حکومت میں ایک "باوقار عہدہ” سنبھالنے کی پیشکش کی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا فیڈوروف نے اس پیشکش کو قبول کیا ہے یا نہیں۔
صدر زیلنسکی نے اپنے بیان میں کہا کہ ان تمام فیصلوں کو آئندہ روز باضابطہ شکل دے دی جائے گی۔