اسلام آباد:(سپیشل کراسپنڈنٹ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جزیرہ خارگ پر حملے کی دھمکی کے بعد ایرانی حکام نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے اپنے بیان میں کہا، ’’آؤ، ہم تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘
پاک فوج میں بڑے پیمانے پر ترقیاں، 27 بریگیڈیئرز میجر جنرل کے عہدے پر ترقیاب
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹرمپ کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مہذب اور بہادر ایرانی قوم کے لیے توہین آمیز زبان استعمال کرنے سے ایران کی عظمت کم نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی شائستگی، ثقافت اور مضبوط اخلاقی اقدار کے باعث دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ہم بیہودگی کا جواب بیہودگی سے نہیں بلکہ بے خوفی، عظیم حوصلے اور عملی اقدامات سے دیتے ہیں۔
ادھر ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے سینئر مشیر محسن رضائی نے خبردار کیا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو سخت سزا دی جائے گی۔
علاوہ ازیں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت اعتماد نہیں بلکہ وعدوں کی پاسداری کی بنیاد پر طے پائی تھی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا آبنائے ہرمز میں مشکلات پیدا کر رہا ہے، تاہم ایران اپنے قومی مفادات کا ہر صورت تحفظ کرے گا۔