وائٹ ہاؤس نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے دورہ پاکستان کے مؤخر ہونے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج طے شدہ مذاکرات کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔
خطے کی بدلتی صورتحال، وزیراعظم کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس
امریکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ ایران کی جانب سے تاحال کوئی حتمی پیشکش یا جواب سامنے نہ آنے کے باعث کیا گیا ہے۔
امریکی ٹی وی ’سی این این‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ جے ڈی وینس کا دورہ اس لیے مؤخر کیا گیا ہے کیونکہ واشنگٹن اس وقت تہران کی جانب سے کسی ٹھوس پیشکش کا منتظر ہے۔
امریکی حکام کے مطابق یہ دورہ مکمل طور پر منسوخ نہیں کیا گیا بلکہ اسے کسی بھی وقت دوبارہ شیڈول کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ایران نے بھی اسلام آباد میں ہونے والے ممکنہ مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کر رکھا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا ہے کہ ایران نے ابھی تک مذاکرات کے لیے اپنا وفد اسلام آباد بھیجنے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اسی صورت میں شرکت کا فیصلہ کرے گا جب اسے یقین ہوگا کہ مذاکرات کسی مثبت نتیجے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
سفارتی ماہرین کے مطابق پاکستان ان مذاکرات کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم امریکہ اور ایران کے درمیان “پہلے کون” کے معاملے پر جاری کشمکش نے اس پیشرفت کو وقتی طور پر روک دیا ہے، اور اب تمام تر نظریں تہران کے اگلے اقدام پر مرکوز ہیں، جس کے بعد جے ڈی وینس کے نئے شیڈول کا اعلان متوقع ہے۔