وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے لیکن بھارت آج تک اپنے مؤقف کے حق میں کوئی شواہد پیش نہیں کر سکا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پہلگام واقعہ ایک فالس فلیگ آپریشن تھا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آج پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے، تاہم بھارت اس واقعے پر اٹھنے والے سوالات کا تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا ہے۔ ان کے مطابق محض 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ متن پہلے سے تیار کیا گیا تھا۔
ٹرمپ نے جنگ بندی میں توسیع کیوں کی؟ اسلام آباد مذاکرات اور وائٹ ہاؤس کی اندرونی کہانی
انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی، سیاستدانوں اور تھنک ٹینکس نے بھی پہلگام واقعے پر سنجیدہ سوالات اٹھائے، جبکہ بھارتی میڈیا کے پاس کوئی ٹھوس شواہد یا قابل اعتماد ثبوت موجود نہیں تھے اور وہ محض من گھڑت بیانیے کو فروغ دیتا رہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلگام واقعہ ایک جھوٹا اور خود ساختہ آپریشن تھا جس کے حق میں بھارت کوئی قابل اعتبار شواہد پیش نہیں کر سکا۔ ان کے مطابق بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا ٹول کے طور پر جنگی ماحول پیدا کیا اور جھوٹی خبریں نشر کیں، جس سے اس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کی کھوکھلی مکاری اب واضح ہو چکی ہے، اور کشمیر ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، تاہم بھارت اسے اندرونی معاملہ قرار دیتا ہے جبکہ اندرونی معاملات کو بیرونی رنگ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہندوتوا نظریے کے تحت اقلیتوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق مختلف ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل کے شواہد بھی بھارتی ریاست کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی استعمال کرتا ہے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث رہا ہے۔ ان کے مطابق فتنہ الہندوستان، بی ایل اے اور فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اور جعفر ایکسپریس اور خضدار واقعے سمیت مختلف دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی کردار کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، جو وقتاً فوقتاً بین الاقوامی برادری اور عالمی میڈیا سے شیئر کیے جاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو معرکہ حق کے دوران آپریشن بنیان مرصوص میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اور وہ دہشت گردی کی پالیسی میں بھی ناکام ہوگا۔ ان کے مطابق بھارتی حکومت آج تک اس معاملے پر مؤثر بیانیہ تشکیل دینے میں ناکام رہی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی پالیسی واضح طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کر رہا ہے اور اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ضروری اقدام جاری رکھا جائے گا اور پاکستان کی کامیاب کارروائیوں اور قربانیوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔ پوری قوم اس عزم پر متفق ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، اور اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی تو اس کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔