Gas Leakage Web ad 1

صحافی محدود وسائل کے باوجود صحافتی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے حق بات کو عوام تک پہنچا رہے ہیں،سیکریٹری اطلاعات رحمان شاہ

0

عالمی یوم آزادیِ صحافت کے موقع پر گلگت پریس کلب میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیکریٹری اطلاعات حکومت گلگت بلتستان رحمان شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں صحافی برادری، میڈیا نمائندگان اور متعلقہ اداروں کے عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اطلاعات رحمان شاہ نے کہا کہ عالمی یوم آزادی صحافت درحقیقت حق و سچ کی ترویج، روشن مستقبل کی تشکیل اور معاشرے میں پائیدار ترقی کے فروغ کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں صحافی اپنی قلم کی طاقت سے جنگیں لڑ رہے ہیں اور سچائی کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے گلگت بلتستان جیسے حساس اور دور افتادہ خطے میں صحافیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے صحافی محدود وسائل کے باوجود صحافتی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے حق بات کو عوام تک پہنچا رہے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور ایک مہذب و پائیدار معاشرے کی تشکیل میں اس کا کردار ناگزیر ہے۔سیکریٹری اطلاعات رحمان شاہ نے مزید کہا کہ صحافی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں اور ان کی تعمیری تنقید اصلاح معاشرہ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کو درپیش مسائل اور رکاوٹوں کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گا، جبکہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے وضع کردہ پالیسیوں کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی، انڈومنٹ فنڈ اور دیگر فلاحی اقدامات پر جلد پیش رفت کی جائے گی۔ان کا مذید کہنا تھا کہ منفی رجحانات اور علمی تشدد کو فروغ دینے والے عناصر کی نشاندہی اور ان کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ صحافیوں کو امن کے سفیر کے طور پر مثبت رپورٹنگ کے ذریعے معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فاروق احمد خان نے کہا کہ آزادیِ صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور ذمہ دارانہ صحافت ہی معاشرتی استحکام کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو درپیش چیلنجز کے باوجود ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
اس موقع پر صدر گلگت پریس کلب طاہر رانا، صدر گلگت بلتستان نیوز پیپرز سوسائٹی طارق حسین شاہ، جی بی یونین آف جرنلسٹس کے نمائندے جاوید اقبال، صدر ڈیجیٹل میڈیا شاہد حسین، اور صدر یونین آف جرنلسٹس گلگت کرن قاسم سمیت دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت ہی ایک صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے، اور صحافی برادری ہر قسم کے دباؤ کے باوجود حقائق کی درست ترجمانی جاری رکھے گی۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے مابین شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا اور صحافیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.