سیلاب سے متاثرہ گلگت بلتستان میں ہنگامی اقدامات، وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر سروس اور سڑکوں کی فوری بحالی کا حکم
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد ریلیف اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث جن دور دراز علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، وہاں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے لیے فوری طور پر ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جگلوٹ۔سکردو روڈ کی جزوی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور آئندہ دو روز کے اندر چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے متبادل راستہ تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے شنگوس کے مقام پر آر سی سی پل کی جگہ بیلی پل کی تنصیب کے لیے این ڈی ایم اے سے فوری رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اینٹی نارکوٹکس فورس کو نئی بھرتیوں سے روک دیا
امجد حسین نے واضح کیا کہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے کاموں میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے جی بی ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ ادارے کے تمام گوداموں میں مکمل ہنگامی ذخیرہ موجود رکھا جائے اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر گندم کے ذخائر میں کسی قسم کی کمی نہ آنے دی جائے۔
انہوں نے جی بی ڈی ایم اے کے لیے ہیوی مشینری کی خریداری میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی کہ خریداری کا عمل تیز کیا جائے اور تمام اضلاع میں ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کمشنر دیامر/استور ریجن کو ہدایت کی کہ استور ویلی روڈ کو آئندہ دو روز کے اندر جزوی طور پر بحال کیا جائے۔
انہوں نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی، بجلی، آبپاشی کی نہروں اور دیگر بنیادی سہولیات کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے، جبکہ متعلقہ فورمز ان منصوبوں کی فوری منظوری یقینی بنائیں۔ انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر ایمرجنسی فورمز کے اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے گلگت کے علاقے کنوداس میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بھرپور امداد اور برساتی نالوں کی بحالی کے احکامات بھی جاری کیے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام پاور ہاؤسز میں انجینئرز اور سب انجینئرز کی حاضری یقینی بنائی جائے، جبکہ غیر حاضری کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ، محکمہ برقیات، محکمہ صحت اور دیگر ایمرجنسی سروسز کے ضلعی افسران کو اپنے اپنے اسٹیشنز پر موجود رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام ایمرجنسی فیلڈ اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں اور ان کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، صوبائی سیکریٹری داخلہ، صوبائی سیکریٹری خزانہ، تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈی جی جی بی ڈی ایم اے اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات، جاری ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔