وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا رورل سپورٹ پروگرام میں اصلاحات اور زرعی شعبے کے فروغ پر زور
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا رورل سپورٹ پروگرام میں اصلاحات اور زرعی شعبے کے فروغ پر زور
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام (GBRSP) کی محکمانہ بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ضابطہ کار اور مؤثر قوانین کے بغیر ادارہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکتا، اس لیے گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے محدود دائرہ کار کے مطابق واضح اہداف مقرر کیے جائیں تاکہ ان کا مؤثر انداز میں حصول ممکن بنایا جا سکے۔
محکمہ تعلیم سندھ کا سرکاری و نجی اسکول ہفتے میں 6 روز کھولنے کا حکم، نوٹیفکیشن جاری
وزیراعلیٰ نے ای ٹی آئی (ETI) کے تحت زمینوں کی آبادکاری کے لیے مقامی کمیونٹی کے تعاون سے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان زمینوں سے فائدہ اٹھا کر زرعی شعبے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کمرشل فارمنگ کے فروغ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سرمایہ کاروں کو راغب کرنے پر توجہ دی جائے گی، جبکہ رورل سپورٹ پروگرام کی توجہ ویلیو چین کے ذریعے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے پر ہونی چاہیے۔
امجد حسین نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کے 1200 دیہی علاقوں میں پیدا ہونے والی زرعی اجناس اور پھلوں کی مارکیٹنگ کے لیے "ون ویلج ون پروڈکٹ” منصوبے کو اہداف میں شامل کیا جائے اور مقامی کمیونٹی کو زرعی شعبے میں ضروری تعاون فراہم کیا جائے تاکہ مقامی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ تک رسائی مل سکے۔
وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے کہا کہ صوبائی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے خطیر رقم مختص کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں کے تحت دیے جانے والے یوتھ لون پروگرامز کو بھی مربوط اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کو کاروبار کے لیے آسانی سے قرضے فراہم کیے جا سکیں۔