سست بارڈر کے تاجروں کے مسائل، وزیر اطلاعات جی بی اور چیئرمین ایف بی آر میں بات چیت، سہولتوں کی یقین دہانی
اسلام آباد گلگت بلتستان کے نگران وزیر اطلاعات و آئی ٹی غلام عباس اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین راشد لنگڑیال کے درمیان سست بارڈر سے وابستہ تاجروں اور درآمد کنندگان کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیر اطلاعات نے سست بارڈر پر تجارت کے دوران پیش آنے والی مشکلات، ٹیکس سے متعلق امور اور سہولیات کی کمی کا معاملہ اٹھایا اور اس بات پر زور دیا کہ گلگت بلتستان کے تاجروں کو کاروبار کے لیے مزید آسانیاں فراہم کرنا ناگزیر ہے۔
کینیڈین جیل سسٹم میں سنگین انتظامی غفلت: درجنوں قیدی غلطی سے رہا، چند اب بھی لاپتہ
چیئرمین ایف بی آر نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ مقامی تاجروں اور درآمد کنندگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ایک خصوصی پروگرام کے تحت گلگت بلتستان کے تاجروں کو تقریباً 4 ارب روپے کے ٹیکسوں سے استثنیٰ دیا جا چکا ہے۔ ان کے مطابق اس پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ نئے تاجروں کو کاروبار شروع کرنے اور اسے وسعت دینے کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
وزیر اطلاعات غلام عباس نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات کے نتیجے میں سست بارڈر پر تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور گلگت بلتستان کے تاجروں کو درپیش مسائل میں کمی آئے گی۔