Gas Leakage Web ad 1

کینیڈین جیل سسٹم میں سنگین انتظامی غفلت: درجنوں قیدی غلطی سے رہا، چند اب بھی لاپتہ

نورالامین

0

کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو میں جیلوں کے نظام سے متعلق ایک سنگین انتظامی خامی سامنے آئی ہے، جہاں گزشتہ چند برسوں کے دوران متعدد قیدیوں کو غلطی سے رہا کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد صوبے میں عوامی تحفظ اور نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

نیویارک ایئرپورٹ پر بڑا فضائی حادثہ ٹل گیا، دو طیارے ٹکرانے سے بال بال بچ گئے

میڈیا رپورٹس کے مطابق 2021 سے 2025 کے درمیان 150 سے زائد قیدیوں کو انتظامی کوتاہیوں یا ریکارڈ میں غلطیوں کے باعث رہا کر دیا گیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے بعض افراد کو بعد ازاں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، تاہم کچھ کیسز ایسے بھی سامنے آئے جہاں قیدی ایک عرصے تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پہنچ سے باہر رہے۔

صوبے کے وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ نے اس صورتحال کو “ناقابل قبول” قرار دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ کچھ افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب سولیسیٹر جنرل مائیکل کرزنر نے ابتدائی معلومات میں غلطی پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ فراہم کردہ تفصیلات مکمل طور پر درست نہیں تھیں، اور اس پر انہوں نے معذرت کا اظہار بھی کیا۔

رپورٹس کے مطابق سرکاری دستاویزات سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ مجموعی طور پر 150 سے زائد ایسے کیسز موجود ہیں جہاں قیدیوں کی رہائی غلطی سے عمل میں آئی، جس سے سرکاری نگرانی اور ڈیٹا مینجمنٹ کے نظام پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔

اس معاملے پر صوبائی سیاست میں بھی ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، جہاں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی انتظامی غلطیاں عوامی سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق جیلوں کے نظام میں اس طرح کی خامیاں نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ کو متاثر کرتی ہیں بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی کمزور بناتی ہیں، خاص طور پر ایسے حالات میں جب کچھ افراد طویل عرصے تک لاپتہ رہیں۔

حکام کے مطابق باقی مفرور افراد کی تلاش جاری ہے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے نظام کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.