بلوچستان: ماشکیل میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 افراد قتل
بلوچستان کے ضلع واشک کی تحصیل ماشکیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے تھے اور مقامی دکانوں پر مزدوری کرتے تھے۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
شاہد رند نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں اس نوعیت کے واقعات ماضی قریب میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔