کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس میں ٹرینی نرس اور ایک فارماسسٹ کے درمیان تنازع پیش آیا، جس کے بعد مبینہ طور پر نرس کے بھائی نے اسپتال پہنچ کر فارماسسٹ پر تشدد کیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نرس کے بھائی کو گرفتار کر لیا ہے۔
واقعے کے بعد دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر نامناسب رویے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
ٹرینی نرس کا کہنا ہے کہ وہ ایمرجنسی ادویات لینے فارمیسی گئیں تو فارماسسٹ نے مبینہ طور پر انہیں تھپڑ مارا۔
دوسری جانب فارماسسٹ ڈاکٹر محمد عیسیٰ نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرینی نرس فارمیسی سے ادویات لینے کی مجاز نہیں تھیں۔ ان کے مطابق نرس نے اپنے بھائی اور دیگر رشتہ داروں کو بلا کر ان پر تشدد کروایا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔