ایپل کا اپنی ’ایپل پینسل‘ کے نئے ماڈلز پر کام جاری
**ایپل نئی ایپل پینسلز متعارف کرانے کی تیاری میں، آئی پیڈ پرو کے ساتھ لانچ متوقع**
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل آئندہ سال نئی نسل کے آئی پیڈ پرو ماڈلز کے ساتھ ایپل پینسل کے دو نئے ورژن متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
بلومبرگ کے معروف صحافی مارک گورمین کی رپورٹ کے مطابق کمپنی اس وقت ایپل پینسل کے دو نئے ماڈلز پر کام کر رہی ہے۔ ان میں ایک بنیادی ماڈل ہوگا جس میں یو ایس بی-سی (USB-C) پورٹ موجود ہوگا، جبکہ دوسرا ایپل پینسل پرو کا جدید ورژن ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے نئے ضوابط، جن کے تحت الیکٹرانک ڈیوائسز کی بیٹری کو نسبتاً آسانی سے تبدیل کیا جا سکے، ایپل کو اپنی نئی ایپل پینسلز میں مختلف بیٹری ڈیزائن متعارف کرانے پر آمادہ کر سکتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ نئی ایپل پینسل میں قابلِ تبدیلی (Replaceable) بیٹری فراہم کیے جانے کا امکان موجود ہے۔
تاہم، ایپل نے ابھی تک نئے ماڈلز کے ڈیزائن، فیچرز یا دیگر تکنیکی تفصیلات سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، جس کے باعث ان تبدیلیوں کے بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ کہنا ممکن نہیں۔
یاد رہے کہ موجودہ USB-C ایپل پینسل نومبر 2023 میں متعارف کرائی گئی تھی، جبکہ ایپل پینسل پرو کو مئی 2024 میں لانچ کیا گیا تھا۔