Gas Leakage Web ad 1

آیت اللہ علی خامنہ ای عظیم رہنما تھے، ہر حال میں شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے: وزیراعظم

0

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے ثابت قدمی، جرات، صبر اور دوراندیشی کی مثال قائم کی اور انتہائی خلوص اور غیرمتزلزل عزم کے ساتھ ایران کی خدمت کی۔

Gas Leakage Web ad 2

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کو نہ صرف ایران بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں مسلمان ایک عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی وفد ایران میں شہید رہنما اور دیگر شہدا کے اہل خانہ اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کے اظہار کے لیے موجود ہے۔

پاکستان مشکل وقت میں ایران کا حقیقی دوست ثابت ہوا: باقر قالیباف

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

اس سے قبل ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کی۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکومتی حکام شامل تھے۔

وزیراعظم نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ایرانی عوام کے ساتھ اس قومی سانحے پر مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شہید رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔

جنازے میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر پارلیمانی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.