امریکا ایران مذاکرات آگے بڑھانے، خطے میں پائیدار امن و استحکام کیلئےکوششیں جاری رکھیں گے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے جدہ میں سعودی ولی عہد سے طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ٹرمپ کا چین پر ایران کو اسلحہ فراہم کرنےکا الزام، چین کی تردید
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر اور تحمل کو سراہا گیا۔
وزیراعظم کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات سے متعلق حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق جدہ میں ہونے والی یہ ملاقات تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور حالیہ صورتحال میں سعودی قیادت کے مثالی صبر و تحمل کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور سعودی قیادت کا کردار امن پسند دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔
اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کے تعمیری کردار کی تعریف کی، جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔