سول سروسز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں، وزیراعظم
سول سروسز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے سول سروسز میں بنیادی اصلاحات کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان اصلاحات کے بغیر عوامی فلاح و بہبود کی پالیسیوں کا ثمر عام شہری تک مؤثر طریقے سے نہیں پہنچایا جا سکتا۔

آج وزیراعظم ہاؤس میں سول سروسز میں مجوزہ اصلاحات کی پیش رفت کے جائزے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ سول سروسز کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق مؤثر اور عوام دوست بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جنید صفدر کی دوسری شادی کی تصدیق، دلہن کا نام اور تاریخ سامنے آگئی
وزیراعظم نے سول سروسز اصلاحات کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ افسران کی کارکردگی کی جامع جانچ پر مبنی نظام ترقی دے، جس میں کارکردگی کی بنیاد پر ترقی، مالی فوائد اور دیگر مراعات شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی سول سروسز کی مجموعی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ اصلاحات کا بنیادی مقصد عوامی خدمت اور سہولیات کی فراہمی میں واضح بہتری لانا ہے، جو ملکی معاشی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کی راہ ہموار کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ اصلاحات میں تمام سول سروس گروپس اور اسٹیک ہولڈرز سے بامعنی مشاورت کی جائے گی۔
قبل ازیں، سول سروسز اصلاحات کمیٹی نے وزیراعظم کو اب تک کی پیش رفت اور سفارشات سے آگاہ کیا۔ اس اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزرائے خزانہ، منصوبہ بندی، موسمیاتی تبدیلی، قانون اور اقتصادی امور سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔



