پاکستان اپنی سرزمین پر افغان سرزمین سے دہشتگردی برداشت نہیں کرے گا: فیلڈ مارشل عاصم منیر
پاکستان اپنی سرزمین پر افغان سرزمین سے دہشتگردی برداشت نہیں کرے گا: فیلڈ مارشل عاصم منیر
پشاور میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر افغان سرزمین سے دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک خصوصاً افغانستان کے ساتھ امن چاہتا ہے۔
لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی، پولیس کی مدعیت میں سبزی فروش کے خلاف مقدمہ درج
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاک افغان سرحد پر امن و استحکام کے لیے جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فیلڈ مارشل کو پشاور کور ہیڈکوارٹرز میں خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے ملاقات کی اور ان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں اور ان کے عزم کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں میں افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے سفارتی اور معاشی اقدامات کیے، تاہم افغان حکومت نے دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے بجائے انہیں سہولت فراہم کی۔ ان کے مطابق بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد گروہ افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہے ہیں، جو پاکستان کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان، بالخصوص خیبرپختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔
قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی اور یقین دلایا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ خوارج کی گمراہ کن سوچ کو قبائل میں کوئی پذیرائی حاصل نہیں۔ عمائدین نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی مکمل حمایت کے عزم کو دہرایا اور افغان طالبان کے خلاف بھی واضح مؤقف اختیار کیا۔