کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے ایم ڈی کیٹ امتحانات میں کراچی کے طلبا کے ٹاپ 20 میں شامل نہ ہونے کو پیپلز پارٹی کی سازش قرار دیا ہے۔

فاروق ستار نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ میں بدترین کرپشن عام ہے، ایسے میں کیسے ہوسکتا ہے کہ پیپلز پارٹی سے ایم ڈی کیٹ محفوظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی اداروں کے دروازے بند کیے جا رہے ہیں۔
جولائی تا دسمبر 2025 سرکاری اداروں کا خسارہ 342 ارب 80 کروڑ روپے رہا
فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ کراچی ثانوی تعلیمی بورڈ کے امتحانات کی جانچ کے لیے سائنسی آڈٹ کا طریقہ کار اپنایا جائے۔
فاروق ستار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کا بچہ بھی ہمارا بچہ ہے، فاروق ستار بتائیں کہ کراچی کے بچوں کو اسلحہ، بھتہ اور بوری بند لاشوں کا کلچر کس نے دیا؟
شرجیل میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے کراچی کے بچوں کے ہاتھوں میں بندوق تھمائی، جبکہ تین دہائیوں تک فاروق ستار جیسے لوگ تعصب پرستی کی ذہن سازی کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے بچے اور دوسروں کے بچے کی سیاست اب نہیں چلنے والی۔



