لاہور: این سی سی آئی اے نے ہراساں کرنے اور دھمکیوں کے خلاف اداکارہ مومنہ اقبال کے کیس میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔
تفتیشی افسر کے مطابق این سی سی آئی اے نے تفتیش کا رخ تبدیل کرتے ہوئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ فی الحال ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی گرفتاری درکار نہیں ہے۔
فیکٹ پر بات کریں، الزامات نہیں لگنے دوں گا، محسن نقوی کا تنقید کرنیوالوں کو جواب
تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ ثاقب چدھڑ نے تفتیشی افسر کے بیان کی روشنی میں اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی ہے۔
ادھر ثاقب چدھڑ نے سیشن عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این سی سی آئی اے کو جو شواہد دیے گئے، ان کے بعد ادارے نے کہا کہ گرفتاری درکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے آج مجھے سرخرو کیا، آج ثابت ہوگیا کہ یہ کیس جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔
دوسری جانب اداکارہ مومنہ اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے دن سے کہہ رہی ہیں کہ کیس کو جانبداری کے ساتھ نہ دیکھا جائے۔ کوئی لڑکی اتنی بے وقوف نہیں ہوتی کہ شادی سے 10 دن پہلے ایسی باتیں کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں پر اعتبار کیا جنہوں نے کرسی پر بیٹھ کر کہا تھا کہ انہیں دونوں طرف کی کہانی معلوم ہے، تاہم وہ اس کیس کو ایسے نہیں چھوڑیں گی، چاہے جس کو مرضی اپروچ کرلیں۔