اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے اگر لانگ مارچ کا اعلان کردیا تو حکومت آگے نہیں جا سکے گی۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف اگر مولانا فضل الرحمٰن کو مینیج نہ کر پائے تو حکومت نہیں چل پائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سب کیسز ختم ہوں گے تو 9 مئی واقعات پر کیسز شروع ہو جائیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم بھی فارم 47 کے ایم این اے ہو سکتے تھے، ہمارا اپنا راستہ ہے، اسی کی تو سزا مل رہی ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو خاندان اور بیٹیوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت دے دی۔
فواد چوہدری کے خلاف جہلم میں تعمیراتی منصوبوں میں خرد برد کے کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف انکوائریاں ابھی جاری ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ خاندان اور بیٹیوں سے فون پر بات کی اجازت دی جائے۔
احتساب عدالت نے فواد چوہدری کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 مارچ تک توسیع کر دی۔