اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان سے افغانستان ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے دعوے کو مسترد کردیا۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے افغانستان ہتھیاروں کی اسمگلنگ کا دعویٰ بے بنیاد ہے، یہ دعویٰ مسلمہ حقائق کے منافی اور اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
محسن نقوی مسلم لیگ ن کے سینیٹر اور پارٹی کے وزیر داخلہ ہیں: رانا ثنا
وزارت اطلاعات کے مطابق افغانستان پہلے ہی امریکی و اتحادی افواج کے چھوڑے گئے 7.2 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار رکھتا ہے، جبکہ افغانستان میں سوویت دور کے ہتھیاروں کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں۔ ان ہتھیاروں کو پاکستان سے جوڑنا اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ افغان سرزمین پر دہشتگرد گروہوں کو پناہ، سہولت اور کارروائی کی آزادی حاصل ہے، یہ گروہ پاکستان میں دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
وزارت اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ افغان طالبان اپنی سرزمین پر موجود دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔