کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ 2024 کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں دہرایا گیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب اور وفاق میں فارم 47 کی حکومت کی جانب سے یہ فارم 47 پلس کارروائی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو ہرانے کے لیے وفاق اور پنجاب حکومت کا گٹھ جوڑ تھا، 8 فروری 2024 کو جو کچھ ہوا وہ کشمیر میں دہرایا گیا، وہ فارم 47 کی حکومت تھی اور یہ اس سے بھی بڑھ کر ہے۔
پنجاب: بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر، 5 اگست تک بارش کی پیشگوئی
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ خیراتی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آئے ہیں۔ وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی پشیمانی نہیں ہوئی، وزراء کی پریس کانفرنس میں تکبر اور غرور نظر آیا، تاہم یہ تکبر زیادہ دیر چلنے والا نہیں، ہر بچے کو معلوم ہے کہ انتخابات کیسے ہوئے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر انتخابات میں کارروائیاں سب نے دیکھی ہیں۔ میرپور ڈویژن میں ہونے والے انتخابات سے متعلق بھی شکایات الیکشن کمیشن کو دی گئیں، تاہم الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ چوری اوپر سے سینہ زوری، آپ دھاندلی بھی کریں اور مانیں بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا لہجہ گالم گلوچ والا نہیں ہوگا، ہم بدتمیزی نہیں کرتے، ہم دلیل کے ذریعے اور متعلقہ فورم پر اپنی آواز اٹھائیں گے۔