آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے عام انتخابی حلقوں اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں سمیت مجموعی طور پر 21 حلقوں میں آج پولنگ ہوگی۔
پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی سامان اور پولنگ عملے کی ترسیل مکمل کر دی گئی ہے جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسرے مرحلے میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار مدمقابل ہیں، جہاں 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن میں 1,483 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں حساس اور انتہائی حساس مقامات پر سکیورٹی کی بھاری نفری تعینات ہوگی۔ حلقہ ایل اے-28، ایل اے-29 اور ایل اے-31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کے درمیان سخت مقابلے متوقع ہیں۔
راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین کی 3 نشستوں پر 35 امیدوار مدمقابل ہیں، جہاں 27 ہزار 907 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ سکیورٹی کے لیے 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 175 میں سے 31 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں حلقہ ایل اے-45 کشمیر ویلی-VI کے لیے 21 اضلاع میں 41 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 7 ہزار 655 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام حلقوں میں پولنگ ختم ہونے کے تقریباً دو گھنٹے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔