ایران نے امریکا، اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی یا مداخلت کے نتائج کی مکمل ذمہ داری حملہ آور فریق پر ہوگی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے آرمی چیف، سعودی عرب کے وزیر خارجہ اور ترکی کے وزیر خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کو کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ ایران اپنے خلاف ہونے والی ہر کارروائی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق اگر امریکا یا اسرائیل نے کسی بھی نوعیت کی جارحیت کی تو تہران اس کا فیصلہ کن جواب دے گا۔ انہوں نے مزید خبردار کیا کہ اگر کسی علاقائی ملک نے ایسی کسی کارروائی میں کردار ادا کیا تو ایران اس کے خلاف بھی سخت ردعمل دے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں سفارتی رابطوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔