Gas Leakage Web ad 1

فیصل ممتاز راٹھور کا بدھال حسن آباد میں انتخابی دورہ، سینکڑوں افراد پیپلز پارٹی میں شامل

0

بدھال، حسن آباد (19 جولائی 2026) — آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے قانون ساز اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور نے بدھال، حسن آباد کا انتخابی دورہ کیا، جہاں بڑی تعداد میں افراد نے مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرکے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

Gas Leakage Web ad 2

اس موقع پر کارکنوں اور عوام نے فیصل ممتاز راٹھور کا پرتپاک استقبال کیا، گل پاشی کی اور ان کے حق میں نعرے لگائے۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے بھی بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، جبکہ علاقے میں "جئے بلاول” اور "جئے فیصل” کے نعرے گونجتے رہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حویلی کے عوام کی محبت، اعتماد اور دعاؤں کی بدولت انہیں وزارتِ عظمیٰ جیسے اہم منصب پر خدمات انجام دینے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی حکومت کے مختصر دور میں حویلی کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی، سڑکوں، صحت، تعلیم اور دیگر عوامی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔

انہوں نے یومِ قراردادِ الحاقِ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کا پاکستان کے ساتھ تعلق تاریخی اور مضبوط ہے، جو کبھی کمزور نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے محبت کشمیریوں کی شناخت کا حصہ ہے۔

وزیراعظم نے پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران افواج پاکستان نے پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کا مظاہرہ کیا، جس پر ہر پاکستانی اور کشمیری فخر کرتا ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عوامی منشور میں حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار جیسے نکات عوامی مسائل کے حل کی عکاسی کرتے ہیں، اسی وجہ سے مختلف طبقات کے لوگ پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 27 جولائی کو پاکستان پیپلز پارٹی کامیابی حاصل کرے گی اور عوامی حمایت اس کا واضح ثبوت ہے۔ اس موقع پر مختلف برادریوں کے عمائدین، نوجوانوں اور سیاسی کارکنوں نے فیصل ممتاز راٹھور کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی کامیابی کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.