وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اجلاس میں ازبکستان کے نائب وزیراعظم جمشید خوجایوف کے آئندہ دورۂ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سڑک اور ریلوے رابطوں کو بہتر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ راہداریوں کی استعداد بڑھانے اور لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ازبکستان کے نائب وزیراعظم جمشید خوجایوف 20 اور 21 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط متوقع ہیں۔
توقع ہے کہ اس روڈ میپ کے ذریعے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کو مزید فروغ ملے گا، جبکہ دونوں ممالک متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر بھی اتفاق کریں گے۔
دورے کے دوران پاک۔ازبک بزنس ٹو بزنس فورم بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں ازبکستان کی 100 سے زائد بڑی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ فورم میں زراعت، ادویات، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور صنعتی شعبوں میں تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔