Gas Leakage Web ad 1

مولانا فضل الرحمان کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو بھارتی میڈیا بطورپروپیگنڈا استعمال کر رہا ہے،گورنر خیبر پختونخوا

0

مولانا فضل الرحمان کے متنازع خطاب پر حکومتی اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو بھارتی میڈیا بطور پروپیگنڈا استعمال کر رہا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے والا مواد اپنے ہی ملک سے فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کا فخر، آزادی کی ضمانت اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سبز ہلالی پرچم کی سربلندی افواج پاکستان، ایف سی، پولیس اور قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دینے والا صوبہ خیبرپختونخوا ہے، جو اپنے تمام شہداء، ان کے اہل خانہ اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ شہداء پر سیاست نہیں کی جاتی بلکہ انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے، اور شہداء کے خون کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے ہفتے کے روز قصور میں ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران عسکری حلقوں پر سیاست میں مداخلت کا الزام عائد کیا تھا، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آیا۔

دوسری جانب گوجرانوالہ کی مقامی عدالت نے متنازع خطاب کے معاملے پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو 28 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔

عدالت میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ان پر نقص امن کا الزام عائد کیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج فیصل جمیل نے مولانا فضل الرحمان کو طلب کرتے ہوئے پولیس کو بھی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.