امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی افواج نے ایران پر حملوں کی تازہ ترین کارروائی مکمل کر لی ہے، جس میں ایرانی کمانڈ سینٹرز، فضائی دفاعی نظام، میزائل اور ڈرون تنصیبات سمیت بندر عباس اور دیگر مقامات پر اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی حکام کے مطابق گریٹر تنب جزیرے پر ساحلی دفاعی نظام اور کروز میزائل سائٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں 7 فوجی اہلکار شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے سیستان بلوچستان کے علاقے بامپور میں ایک فوجی چھاؤنی کو نشانہ بنایا، جہاں ایک بیرک پر 13 میزائل داغے گئے۔
جواب میں پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے مشترکہ حملہ کیا۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب نے اپنی "نصر 2” کارروائی کی آٹھویں لہر کے دوران سی-رام (C-RAM) ابتدائی وارننگ ریڈار اور امریکی فوجیوں کے اجتماع کے مقام کو نشانہ بنایا۔
ایرانی فوج نے الزام عائد کیا کہ امریکا ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے کویت کی سرزمین استعمال کر رہا ہے، اور کویتی عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ملک سے امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کریں۔
ایران نے اردن کے ازرق ایئر بیس پر بھی امریکی تنصیبات کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق اس کارروائی میں امریکی مواصلاتی نظام، ریڈار سائٹ اور ایندھن کے ذخائر کو ہدف بنایا گیا، جو آپریشن "صاعقہ” کے نویں مرحلے کا حصہ تھا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے ایران کے خلاف حالیہ امریکی کارروائیوں کے ردعمل میں کیے گئے۔