خیبرپختونخوا حکومت نے سیکریٹریٹ ملازمین کے لیے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس میں نمایاں اضافہ کردیا ہے، جس کا اطلاق گریڈ 3 سے گریڈ 22 تک کے تمام ملازمین اور افسران پر ہوگا۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نئی شرحوں کا اطلاق سول سیکریٹریٹ، وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ اور گورنر سیکریٹریٹ کے ملازمین پر یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
نئی شرحوں کے تحت گریڈ 3 سے 6 کے ملازمین کو ماہانہ 6 ہزار روپے، گریڈ 7 سے 10 کو 9 ہزار روپے، گریڈ 11 سے 13 کو 13 ہزار روپے جبکہ گریڈ 14 اور 15 کے ملازمین کو 16 ہزار روپے ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس دیا جائے گا۔
اسی طرح گریڈ 16 کے ملازمین کے لیے یہ الاؤنس 18 ہزار روپے، گریڈ 17 اور 18 کے افسران کے لیے 21 ہزار روپے، گریڈ 19 کے لیے 28 ہزار روپے، گریڈ 20 کے لیے 35 ہزار روپے، گریڈ 21 کے لیے 42 ہزار روپے جبکہ گریڈ 22 کے افسران کے لیے 52 ہزار روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا حکومت نے معذور سرکاری ملازمین کے اسپیشل کنوینس الاؤنس میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے ماہانہ سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردیا گیا ہے، جس کا اطلاق بھی یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہے۔