**پنجاب میں نجی اسکولوں کو رجسٹریشن مکمل کرنے کے لیے تین دن کی مہلت**
کاہنہ ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو رجسٹریشن کا عمل مکمل کرنے کے لیے تین دن کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے نظام کو ضلعی سطح پر آن لائن کیا جا رہا ہے تاکہ رجسٹریشن کا عمل مزید آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔
دوسری جانب نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیم پاکستان ایجوکیشن کونسل نے دعویٰ کیا ہے کہ چار ہزار سے زائد اسکولوں کی رجسٹریشن درخواستیں تاحال زیر التوا ہیں۔
لاہور میں تنظیم کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کونسل کے صدر نے الزام عائد کیا کہ سی ای او ایجوکیشن لاہور کی جانب سے کارروائی نہ ہونے کے باعث ہزاروں درخواستیں حکومتی دفاتر میں رکی ہوئی ہیں۔
تنظیم نے محکمہ تعلیم اور پیرا فورس کی کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پورے پنجاب میں نجی اسکولوں کے لیے یکساں قوانین نافذ کیے جائیں اور بند کیے گئے اسکولوں کو دوبارہ کھولا جائے۔
پاکستان ایجوکیشن کونسل نے حکومت سے رجسٹریشن کے عمل میں حائل رکاوٹیں فوری دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔