(سٹاف رپورٹر/نیوز ڈیسک) : اسلام آباد: پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں مالی سال 2025-26 کے دوران سرمایہ کاروں کی تعداد میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں اسٹاک مارکیٹ اکاؤنٹس میں 48 فیصد اضافہ ہوا، جو ملک کی کیپٹل مارکیٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا سالانہ اضافہ قرار دیا گیا ہے۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق یکم جولائی 2025 کو اسٹاک مارکیٹ سرمایہ کاروں کی تعداد 3 لاکھ 92 ہزار 775 تھی، جو 30 جون 2026 تک بڑھ کر 5 لاکھ 83 ہزار 52 ہو گئی۔ اس دوران ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد نئے سرمایہ کار کیپٹل مارکیٹ کا حصہ بنے۔
برسوں پرانا تعطل ختم، آسٹریلیا کا بھارت کو یورینیم برآمد کرنے کا فیصلہ
ایس ای سی پی نے نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان (این سی سی پی ایل)، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے تعاون سے سرمایہ کاروں کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو آسان بنانے اور مالی شمولیت بڑھانے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کروائیں۔
ان اصلاحات میں سہولت اکاؤنٹ کی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنا، بینکوں، ڈیجیٹل بینکوں اور الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز کے ذریعے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل سے غیر ضروری مراحل ختم کرنا، آئی بی اے این کے ذریعے تصدیق کی سہولت فراہم کرنا اور 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے سرپرست کے ذریعے مائنر ٹریڈنگ اکاؤنٹس متعارف کرانا شامل ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق نئے سرمایہ کار اکاؤنٹس میں کراچی 25 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ لاہور کا حصہ 16 فیصد، اسلام آباد اور راولپنڈی کا مجموعی حصہ 13 فیصد، فیصل آباد کا 4 فیصد اور ملتان کا حصہ 3 فیصد رہا۔
رپورٹ کے مطابق نوجوان سرمایہ کاروں کی شمولیت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ جنوری سے جون 2026 کے دوران رجسٹرڈ ہونے والے نئے سرمایہ کاروں میں 45 فیصد کی عمر 18 سے 30 سال جبکہ 41 فیصد سرمایہ کاروں کی عمر 31 سے 45 سال کے درمیان رہی، جو نوجوان اور ورکنگ ایج افراد کی سرمایہ کاری میں بڑھتی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ، خصوصاً نوجوانوں کو کیپٹل مارکیٹ سے جوڑنا ایس ای سی پی کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی مارکیٹ اداروں کے تعاون سے ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دے رہا ہے اور جلد موبائل ایپ کے ذریعے سرمایہ کاروں کے لیے ڈیجیٹل آن بورڈنگ کو مزید آسان بنایا جائے گا۔
ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ عوام کی بچت کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کر کے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق ایس ای سی پی کا مقصد سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان بنانا، سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط کرنا اور زیادہ سے زیادہ شہریوں، خصوصاً نوجوانوں، کو ملکی معاشی ترقی میں شریک کرنا ہے۔