پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے دو دھماکوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بنوں کے علاقے مرکہ بیرا میں پیش آیا، جہاں سڑک کے کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کی زد میں آ کر ایک مسافر وین میں سوار 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
کالعدم جے اے اے سی رہنما خواجہ مہران ارشد کے خلاف غداری کا مقدمہ درج
ڈی پی او یاسر آفریدی نے بتایا کہ ابتدائی دھماکے کے کچھ دیر بعد ایک اور دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف 2 افراد بھی جاں بحق ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے دھماکے سے ایک گاڑی بھی متاثر ہوئی جبکہ زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مسافر وین ہاتھی خیل گاؤں سے بنوں شہر کی جانب جا رہی تھی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔