بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی سطح پر تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
بحرینی کمانڈر نے اپنے دورے کے دوران نیول ہیڈکوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی بحری سیکیورٹی سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ بحرینی کمانڈر نے خطے میں مشترکہ بحری سلامتی کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی استحکام میں اہم قرار دیا۔
ایئر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران پاک فضائیہ کی جدید کاری، دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ، مقامی ٹیکنالوجی کے فروغ اور جدید تربیتی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈرونز، مصنوعی ذہانت، خودکار نظام، جدید سینسرز اور ڈیجیٹل دفاعی ٹیکنالوجیز سمیت ابھرتے ہوئے دفاعی شعبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔
بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاری اور علاقائی امن و استحکام کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے تربیت، جدید دفاعی ٹیکنالوجیز اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
دورے کو پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط دفاعی شراکت داری کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔