Gas Leakage Web ad 1

پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت دریائے چناب پر اپنے حقوق کی حفاظت کرے گا: دفتر خارجہ

0

دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سفارتی سطح پر پاکستان کی سرگرمیاں خاصی مصروف رہیں۔ وزیراعظم نے چین کا کامیاب دورہ کیا جہاں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

Gas Leakage Web ad 2

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے دورے کے بعد امریکا کا بھی دورہ کیا جہاں امریکی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں امن کے قیام کی کوششوں پر بات چیت ہوئی، جبکہ امریکی حکام نے پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا۔

پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنا پری پول دھاندلی ہے، بیرسٹر گوہر

انہوں نے بتایا کہ آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی اور مشرقی القدس کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کو بھی مسترد کیا گیا۔ اعلامیے میں اسرائیل سے فوری طور پر غیر قانونی اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کے مؤقف پر بدستور قائم ہے۔

دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے دریائے چناب کا پانی دریائے بیاس کی طرف موڑنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سلال ڈیم کی ڈی سلٹنگ کا معاملہ انتہائی حساس ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گا۔

ترجمان کے مطابق بھارت سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا پابند ہے، اور سلال معاہدے کے تحت ڈیم کی ڈی سلٹنگ کی اجازت موجود نہیں۔ پاکستان نے کہا کہ بھارت نے اس عمل سے قبل پاکستان کو آگاہ نہیں کیا جو معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی غذائی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کسی بھی کوشش سے خطے میں عدم استحکام بڑھ سکتا ہے، جبکہ پاکستان کو مغربی دریاؤں کے پانی کے بلا روک ٹوک استعمال کا حق حاصل ہے۔

ترجمان نے جموں و کشمیر کو ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی شخصیت کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ اس کی قانونی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ پاکستان اس معاملے پر سوئس حکام سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ اختلافات کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق حالیہ دنوں میں پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے چین، برطانیہ، یورپی یونین اور دیگر عالمی شراکت داروں کے ساتھ رابطے کیے ہیں جن کا مقصد علاقائی امن اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے 23 سے 26 مئی کے دوران چین کا دورہ کیا جہاں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جبکہ نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی فورم میں بھی شرکت کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے مصر، ویتنام، ایران اور یورپی یونین کے حکام کے ساتھ بھی ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں جن میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا آٹھواں دور بھی منعقد ہوا جس میں مختلف شعبوں میں تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.