سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال، بین الصوبائی تعاون، منشیات کے خاتمے اور عوامی خدمات کی بہتری سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں منشیات کی روک تھام اور مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ حکومت کو کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر مبارکباد دی۔
پنجاب: اگلے مالی سال میں کاشتکاروں کو 20 ہزار گرین ٹریکٹر دینے کی ہدایت
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے انتہائی ضروری ہے، اور قومی مفاد کے معاملات میں تمام اداروں اور حکومتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور منشیات کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس نے مشکل حالات میں بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق اور سندھ کے درمیان رابطے مزید مضبوط بنا کر عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔