دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رہے گی: فیلڈ مارشل
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کے لیے ایک پروقار تقریبِ تقسیمِ اسناد کا انعقاد کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی اور شہداء کے اہلِ خانہ، افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور ملک کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔
پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 برس، وزارت داخلہ میں پرچم کشائی تقریب
اس پروقار تقریب میں 50 ستارۂ امتیاز (ملٹری) اور 12 تمغۂ بسالت عطا کیے گئے جبکہ بعد از شہادت دیے جانے والے تمغے شہداء کے اہلِ خانہ نے بڑے وقار اور عزت کے ساتھ وصول کیے۔
شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا دائمی فخر ہیں، ان کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہے، جبکہ وطن کا امن اور سلامتی انہی کی عظیم قربانیوں اور فرض سے بے لوث وابستگی کا نتیجہ ہے۔
فیلڈ مارشل نے شہداء کے اہلِ خانہ کی استقامت، وقار اور ثابت قدمی کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور وطن کے لیے ان کی بے مثال قربانیوں اور غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عملی تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف ان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی، جبکہ اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔