ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ آج معرکہ حق کی پہلی سالگرہ منائی جا رہی ہے، جبکہ 5 مئی کو نائب وزیراعظم نے اس حوالے سے سفارتی کور کو بریفنگ دی تھی۔
ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کے تبادلے سے متعلق وہ تفصیل میں نہیں جائیں گے، تاہم پاکستان کو امید ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان معاملہ حل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ ممکنہ معاہدہ ایک صفحے پر مشتمل ہوگا یا زیادہ صفحات پر، تاہم معاہدے کے حوالے سے امید برقرار ہے۔
پاکستان میں ہوائی جہازوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کی اجازت دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا
دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بین الاقوامی برادری کو جنوبی ایشیا میں امن اور سلامتی کے حوالے سے تشویش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے پانی کا ایک قطرہ بھی کوئی چوری نہیں کر سکتا، اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق تمام آپشنز زیر غور ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دریاؤں کی صورتحال کا مسلسل مشاہدہ کیا جا رہا ہے، اور اس حوالے سے دفتر خارجہ، انڈس واٹر کمشنر سمیت متعلقہ ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔