بنگلادیش انتخابات: بی این پی نے میدان مارلیا، دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب

بنگلادیش انتخابات: بی این پی نے میدان مارلیا، دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب

0

بنگلادیش کے 13ویں پارلیمانی انتخابات میں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی نے کامیابی حاصل کر لی۔

بنگلادیش میں عام انتخابات کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق بی این پی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 299 میں سے 209 نشستیں جیت لی ہیں۔

غیر مصدقہ نتائج کے مطابق طارق رحمان کی قیادت میں پارٹی 151 نشستوں پر کامیاب ہو چکی ہے۔ طارق رحمان، جو سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے بیٹے اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں، ڈھاکا اور بوگرہ دونوں نشستوں سے کامیاب قرار پائے۔

پاکستان اگلا جاپان نہیں بن سکا، بنگلادیش بھارت آگے نکل گئے: احسن اقبال

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق جماعت اسلامی بنگلادیش اور اس کے اتحادیوں کو 70 نشستوں پر کامیابی ملی ہے، جبکہ جین زی کی نیشنل سیٹیزن پارٹی بھی جماعت اسلامی کے اتحاد کا حصہ ہے اور وہ صرف 5 نشستیں حاصل کر سکی۔

بی این پی کے سربراہ طارق رحمان نے کہا کہ امن و امان کا قیام پہلی ترجیح ہے تاکہ عوام خود کو محفوظ محسوس کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور ان پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کے ساتھ مل کر تحریک چلائی، انہی کے ساتھ مل کر ملک چلایا جائے گا۔

طارق رحمان نے پارٹی کارکنوں اور حامیوں سے خصوصی دعاؤں میں شریک ہونے اور کسی بھی قسم کی ریلیوں یا جشن سے گریز کرنے کی اپیل کی۔

ادھر جماعت اسلامی کے شفیق الرحمان نے الیکشن کمیشن پر بعض حلقوں میں نتائج میں تاخیر کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نتائج کے بعد ردعمل دیں گے اور یقین دلایا کہ مخالفت برائے مخالفت نہیں کریں گے بلکہ تعمیری اور عوامی مفاد کی سیاست کریں گے۔

بنگلادیش میں عام انتخابات کے ساتھ قومی ریفرنڈم بھی منعقد کیا گیا۔ ڈھاکا سے موصولہ نتائج کے مطابق 73 فیصد ووٹرز نے اصلاحات کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ریفرنڈم میں عوام کو ہاں یا نہیں کا انتخاب دینا تھا اور اس کے ذریعے ملک کے مستقبل کے سیاسی و آئینی ڈھانچے کا تعین کیا جائے گا۔ ریفرنڈم میں جولائی نیشنل چارٹر کے تحت وسیع آئینی اصلاحات کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.