پاکستان کا سری لنکن صدرکی درخواست پر ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت سے میچ کھیلنےکا فیصلہ
پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 15 فروری کو بھارت سے میچ شیڈول کے مطابق کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلیں گی۔
سری لنکن صدر کی درخواست پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکا فیصلہ کیا ہے۔
اعلامیےکے مطابق سری لنکن صدر نے درخواست کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں ہونے والا پاک بھارت میچ کھیلنا چاہیے۔
سری لنکن صدر کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں دہشت گردی کے دوران پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا، پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی ، پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دہشت گردی کے باوجود سری لنکا میں کرکٹ کھیلنے کے لیے دورے جاری رکھے۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں بھی مشکل ادوار میں سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ جاری رکھی۔
وزیر اعظم نےکہا کہ حال ہی میں بھی سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرکے ناقابل فراموش اقدام کیا۔
وزیر اعظم نے سری لنکن صدر کو پاک بھارت میچ پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنےکا کہا۔