چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر اسلام آباد میں نئے ماڈل قبرستانوں کے قیام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں تین نئے مقامات — پنڈوریاں، ہمک اور ملپور — پر ماڈل قبرستان قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنڈوریاں میں 800 کنال، ملپور میں 200 کنال، اور ہمک میں 10 کنال سے زائد اراضی قبرستانوں کے لیے مختص کی گئی ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی شہری و دیہی آبادی کی تدفین کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ تمام ماڈل قبرستانوں کی تعمیر میں شہرِ خاموشاں لاہور اور بین الاقوامی معیارات کو مدِنظر رکھا جائے۔ انہوں نے قبرستانوں میں جنازہ گاہ، میت کے غسل کی سہولت، مسجد، وضوخانہ، پارکنگ، مستقل ایل ای ڈی لائٹس، پانی کی فراہمی اور محفوظ باؤنڈری والز کی تعمیر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اس کے ساتھ ساتھ، انہوں نے موجودہ قبرستانوں کو بھی جدید خطوط پر اپ گریڈ کرنے کی ہدایات دیں۔ ان میں واک ویز، روشنی، سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کی بہتری شامل ہے۔
عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے، چیئرمین سی ڈی اے نے مفت الیکٹرک میت بس کی فراہمی کی بھی منظوری دی، جو میت کو گھر سے قبرستان تک پہنچانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
چیئرمین محمد علی رندھاوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو غم کی گھڑی میں بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ نئے قبرستانوں کی تکمیل سے نہ صرف اسلام آباد کے شہریوں کو آرام دہ اور باعزت تدفین کی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ شہر کی طویل المدتی ضروریات بھی پوری ہوں گی۔