سمندری طوفان اسنیٰ کا رخ تبدیل، کراچی سے 500 کلو میٹر دور جا پہنچا
کراچی(نیوزڈیسک) سمندری طوفان کا رخ تبدیل ہوگیا، ’’اسنیٰ‘‘ کراچی سے 500 کلو میٹر دور جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان شمال مغربی بحیرہ عرب میں موجود ہے، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھا، اسنیٰ کراچی کے جنوب مغرب سے 500 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
سمندری طوفان اورماڑہ کے جنوب مغرب سے 350 کلومیٹر جبکہ گوادر کے جنوب سے 260 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے، مسقط عمان سے 430 کلو میٹر مشرق، جنوب مشرق میں موجود سمندری طوفان جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔
مزیدپڑھیں:سمندری طوفان کراچی سے دور ہونا شروع، فاصلہ 200 کلومیٹر ہوگیا
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوب مغرب کی طرف بڑھتا ہوا طوفان سمندر ہی میں کمزور پڑ جانے کی توقع ہے، اس طوفان کے زیر اثر آج شام تک وقفے وقفے سے اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی اور تربت میں گرج چمک تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا امکان ہے، اس دوران 60 سے 70 کلومیٹر کی رفتار سے ہوا چل سکتی ہے۔
انتظامیہ نے بلوچستان کے ماہی گیروں اور شہریوں کو آج اور کل سمندر کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ سندھ کے ماہی گیر آج سے اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔




