Gas Leakage Web ad 1

چاکلیٹ کیک: شام کی چائے کا پُر لطف جوڑ

0

اکثر شام کی چائے کے ساتھ کچھ نہ کچھ کھانے کو دل چاہتا ہے، تو بازار سے کچھ غیر صحت بخش یا مضرِ صحت چیز منگوانے کے بجائے بہتر ہے کہ گھر ہی میں کوئی ایسی چیز تیار کر لی جائے جو اہلِ خانہ کو بھی پسند آئے اور مہمانوں کی خاطر تواضع کے لیے بھی پیش کی جا سکے۔ سو، آج ہم آپ کو چاکلیٹ کیک بنانے کی ایک آسان ترکیب بتا رہے ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

اجزا: مکھن آٹھ اونس، انڈے چار عدد، میدہ آٹھ اونس، چینی آٹھ اونس، بیکنگ پاؤڈر دو چائے کے چمچ، فوڈ ایسنس دو قطرے، کوکو پاؤڈر دو کھانے کے چمچ۔

ترکیب: سب سے پہلے مکھن اور چینی کو خوب اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اگر آپ کے پاس پھینٹنے والی مشین نہیں ہے تو پہلے مکھن کو خوب پھینٹ کر جھاگ بنا لیں، پھر اس میں چینی پیس کر ملا دیں۔ اس کے بعد ایک ایک کر کے چاروں انڈے بھی شامل کریں اور اچھی طرح پھینٹیں۔

اگلے مرحلے میں ایک خشک برتن میں میدہ اور بیکنگ پاؤڈر چھان لیں۔ آمیزے میں کوکو پاؤڈر شامل کریں اور پھر میدہ اور بیکنگ پاؤڈر بھی اسی آمیزے میں ڈال دیں، لیکن خیال رہے کہ میدہ اور بیکنگ پاؤڈر ڈالنے کے بعد آمیزے کو پھینٹنا نہیں ہے بلکہ چمچ کی مدد سے تمام اجزاء کو یکجان کریں۔

آخر میں ایسنس کے دو قطرے ڈال دیں۔ اب سانچے کے اندر گھی یا مکھن کا لیپ لگائیں اور آمیزہ سانچے میں ڈال کر اوون میں رکھ دیں۔ کچھ ہی دیر میں مزیدار چاکلیٹ کیک تیار ہو جائے گا جسے شام کی چائے کے ساتھ اہلِ خانہ اور مہمانوں کی خدمت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

ضروری ہدایات: کیک بنانے سے ایک گھنٹہ پہلے مکھن اور انڈے فریج سے نکال کر باہر رکھ دیں۔ یاد رہے اوون تین قسم کے ہوتے ہیں اور تینوں میں درجہ حرارت سیٹ کرنے کے الگ الگ نشانات ہوتے ہیں۔ ایک پر CO، دوسرے پر FO اور تیسرے پر 1، 2، 3 اور 4 درج ہوتا ہے۔

مندرجہ بالا کیک بنانے کے لیے آپ کو درجہ حرارت 180CO یا FO350 یا 4 کے مارک پر رکھنا ہوگا۔ 30 منٹ بعد اوون کھول کر سانچے کی سمت تبدیل کریں۔

اور ٹھیک 40 منٹ بعد سانچا باہر نکال لیں۔ کیک کو اوون سے نکالنے سے قبل اس میں ماچس کی تیلی یا ٹوتھ پک پیوست کریں۔ اگر کیک تیار ہو تو تیلی خشک رہے گی، ورنہ اس پر کیک کا آمیزہ لگا دکھائی دے گا۔ ایسی صورت میں کیک کو دوبارہ کچھ دیر کے لیے اوون میں رکھ دیں۔ نیز سانچے کو اوون میں رکھنے سے ایک گھنٹہ پہلے تنور کی طرح گرم کر لیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.