Gas Leakage Web ad 1

انسان اور ریچھ کی انوکھی دوستی جو ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم بن گئے ہیں

0

ریچھوں کا شمار دنیا کے خطرناک ترین اور طاقتور جنگلی جانوروں میں ہوتا ہے، لیکن کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ ایسا جانور کسی انسان کا بہترین دوست بھی بن سکتا ہے؟

Gas Leakage Web ad 2

یقین کرنا مشکل ہے، تاہم یورپی ملک بوسنیا و ہرزیگووینا میں ایک ریچھ اور انسان کے درمیان ایسی ہی انوکھی دوستی قائم ہے، جہاں دونوں ایک ساتھ رہتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔
شہباز شریف کی رانا مبشر اقبال کی رہائش گاہ آمد، خالہ زاد بھائی کے انتقال پر تعزیت
مادہ ریچھ ماسا اور پیٹر ٹیوبک کے درمیان اس منفرد دوستی کا آغاز 2019 میں ہوا، جب پیٹر نے ماسا کو ایک جنگل میں تنہا پایا۔ اس وقت ماسا کم عمر تھی اور اسے وہاں چھوڑ دیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹر اسے اپنے گھر لے آئے۔

اس واقعے کے بعد سے ماسا اور پیٹر ایک دوسرے کے بہترین دوست بن گئے ہیں اور اب دونوں کے لیے ایک دوسرے سے جدا ہونے کا تصور بھی مشکل ہے۔

پیٹر ٹیوبک نے بتایا کہ ٹیڈی بیئر دنیا بھر میں مقبول ترین کھلونوں میں شمار ہوتے ہیں، لہٰذا تصور کریں کہ اگر آپ کے پاس ایک حقیقی ریچھ ہو تو اس سے جدا ہونا کتنا مشکل ہوگا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ حقیقی ریچھ کی دیکھ بھال کرنا ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے۔

پیٹر ٹیوبک کے مطابق، جب انہوں نے ماسا کو دریافت کیا تو اس کا وزن محض 2 کلوگرام تھا اور وہ جنگل میں تنہا تھی، جہاں اس کے زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر تھے۔

پیٹر نے ماسا کی دیکھ بھال کی اور اسے دودھ اور پھل کھلا کر صحت مند بنایا، جس سے وہ آہستہ آہستہ مضبوط ہوتی گئی۔

ماسا کی زندگی میں آمد نے پیٹر ٹیوبک کی زندگی کو ایک غیرمتوقع سمت دے دی، کیونکہ اس سے پہلے انہوں نے کبھی کسی جانور کی دیکھ بھال نہیں کی تھی۔ تاہم، اب وہ ایک اور مادہ ریچھ لیوبیکا (Ljubica) کو بھی گود لے چکے ہیں، جو ان کی جائیداد میں ہی رہتی ہے۔

ماسا کا وزن اب بڑھ کر 150 کلوگرام ہوچکا ہے اور موسم سرما کے دوران اس کے وزن میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ تاہم، اپنے بھاری بھرکم جسم سے بے خبر ماسا آج بھی اکثر پیٹر کی گود میں بیٹھنے کی کوشش کرتی ہے، جیسا کہ وہ بچپن سے کرتی آ رہی ہے۔

پیٹر ٹیوبک نے بتایا کہ ریچھوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے اکثر ان کے جسم پر خراشیں پڑ جاتی ہیں یا ان کی قمیض پھٹ جاتی ہے، تاہم یہ سب ان کے لیے اس انوکھی دوستی کا حصہ ہے۔

ماسا اور لیوبیکا کی موجودگی نے پہاڑ اوزرین (Mount Ozren) میں واقع پیٹر ٹیوبک کے گھر کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے، جہاں متعدد افراد ان ریچھوں کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔

پیٹر ٹیوبک صرف ریچھوں ہی کی دیکھ بھال نہیں کرتے بلکہ ان کے پاس دو بھیڑیے، ہرن، ریکون اور کئی دیگر جانور بھی ہیں، جن کی وہ نگہداشت کرتے ہیں۔

پیٹر اپنی اہلیہ میلسیا اور 9 سالہ بیٹی ایوا کے ساتھ اسی گھر میں رہتے ہیں، جبکہ پیشے کے اعتبار سے وہ الیکٹریشن ہیں۔ اپنے کام کے علاوہ انہیں پیراگلائیڈنگ، غاروں کی کھوج اور ہائیکنگ کا بھی شوق ہے، تاہم ان کے خاندان کی خوشی کا بنیادی ذریعہ جانوروں کے ساتھ وقت گزارنا ہے۔

اگرچہ پیٹر ٹیوبک ان ریچھوں کو واپس جنگل میں بھیجنے پر غور کر رہے ہیں، لیکن انہیں خدشہ ہے کہ ماسا اور لیوبیکا انسانوں کے ساتھ رہنے کی اتنی عادی ہوچکی ہیں کہ انہیں دوبارہ جنگل میں چھوڑنا ان دونوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

اسی وجہ سے فی الحال ماسا اور لیوبیکا کچھ عرصہ مزید پیٹر ٹیوبک کے ساتھ ہی رہیں گی، جہاں انہیں دیکھنے کے لیے آنے والے سیاح بھی ان کی انوکھی دوستی سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.