مردہ قرار دی جانے والی خاتون تابوت کے اندر اچانک بیدار ہوگئی
چین میں ایک معمر خاتون کو خاندان کی جانب سے مردہ قرار دیے جانے کے بعد تابوت میں رکھا گیا، تاہم وہ اچانک اس کے اندر بیدار ہوگئیں۔
یہ واقعہ صوبہ ہیبئی کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں 70 سال سے زائد عمر کی خاتون کینسر کے مرض سے لڑ رہی تھیں۔
مسلح افواج دہشتگردی کو شکست دینے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں: فیلڈ مارشل
جب ڈاکٹروں نے اہل خانہ کو بتایا کہ خاتون کے کینسر کا مزید علاج ممکن نہیں تو خاندان انہیں گھر واپس لے آیا۔ 8 ستمبر کو رشتے داروں نے خاتون میں زندگی کے آثار محسوس نہیں کیے، جس کے بعد انہیں ایسے تابوت میں رکھا گیا جس میں ٹھنڈک کا نظام موجود تھا تاکہ قصبے سے باہر موجود رشتے داروں کی واپسی تک جسم کو محفوظ رکھا جاسکے۔
تاہم اگلی شام خاتون کی بہو نے تابوت کے اندر سے کچھ آوازیں سنیں، جس پر خاندان نے انہیں فوری طور پر تابوت سے باہر نکال لیا۔
11 ستمبر کو رشتے دار گھر پہنچے تو خاتون کا شعور بحال ہوگیا اور انہوں نے آنکھیں کھول لیں، تاہم ان کی حالت بدستور نازک تھی۔
12 ستمبر کی شب خاتون کا انتقال ہوگیا جبکہ 13 ستمبر کو انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔
خاندان کے ایک رکن کی جانب سے یہ واقعہ آن لائن شیئر کیے جانے کے بعد لوگوں نے اس کے مستند ہونے پر سوالات اٹھائے۔ تاہم گاؤں کے ایک عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تابوت میں منجمد درجہ حرارت کے بجائے ایسا درجہ حرارت رکھا جاتا ہے جو جسم کو مناسب حد تک ٹھنڈا رکھتا ہے۔
عہدیدار کے مطابق اس انتظام کی بدولت خاتون کا جسمانی نظام دوبارہ بحال ہوگیا اور اس میں زندگی کی علامات ظاہر ہونے لگیں۔