آسٹریلیا: چمنی میں اینٹوں کے پیچھے چھُپی 150 برس پرانی کتاب مل گئی
آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی کیاما لائبریری کو تقریباً 150 سال بعد ایک نایاب کتاب واپس مل گئی، جو ایک گھر کی مرمت کے دوران چمنی میں اینٹوں کے پیچھے چھپی ہوئی ملی۔
لائبریری کے مطابق گھر کی تزئین و آرائش کے دوران چمنی میں بند ایک پرانی ٹی ڈیسک دریافت ہوئی، جس میں 1858 میں شائع ہونے والی تاریخی کتاب **’دی اینٹیکٹیز آف ایتھنز‘** موجود تھی۔ خاندان نے یہ کتاب لائبریری کے حوالے کر دی۔
یہ کتاب اس دور سے تعلق رکھتی ہے جب کیاما پبلک لائبریری 1872 سے 1890 کے درمیان کیاما اسکول آف آرٹس میں قائم تھی۔ اگرچہ اس بات کا ریکارڈ موجود نہیں کہ کتاب کب لائبریری سے لی گئی، تاہم اندازہ ہے کہ اسے تقریباً ڈیڑھ صدی قبل ادھار لیا گیا تھا۔
لائبریری حکام نے بتایا کہ اگر اُس وقت کے قواعد کے مطابق تاخیر کا جرمانہ وصول کیا جاتا تو اس کتاب پر تقریباً 20 ہزار امریکی ڈالر کے برابر فیس بنتی، تاہم اب لائبریری نے لیٹ فیس کا نظام ختم کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق کتاب حیرت انگیز طور پر اچھی حالت میں محفوظ ہے۔ اسے دوبارہ عام قارئین کے لیے جاری نہیں کیا جائے گا بلکہ لائبریری کے تاریخی اور قیمتی ذخیرے میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔