ریاض: النصر کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
جمعرات کو کھیلے گئے سعودی پرو لیگ کے آخری میچ میں النصر کلب نے دماق کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر 7 سال بعد چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ایئرچیف کی ترک ہم منصب سے ملاقات، تربیتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
سعودی پرو لیگ میں النصر کلب کے ٹائٹل کا فیصلہ دماق کے خلاف آخری میچ سے ہونا تھا، جس میں رونالڈو کی ٹیم کو فتح درکار تھی۔
النصر کلب نے پہلے ہاف میں سادیو مانے کے گول کی بدولت برتری حاصل کی۔
دوسرے ہاف کے 52ویں منٹ میں کومان نے ٹیم کے لیے دوسرا گول اسکور کیا۔ آٹھ منٹ بعد دماق نے پینلٹی پر گول کر کے خسارہ کم کیا، تاہم اس کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے 63ویں منٹ میں ٹیم کے لیے تیسرا گول کر دیا۔
18 منٹ بعد رونالڈو نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول اسکور کیا اور النصر کلب کو نہ صرف میچ میں 1-4 سے کامیابی دلائی بلکہ 7 سال بعد لیگ ٹائٹل بھی جتوا دیا۔
النصر کے کھلاڑیوں نے میدان میں فتح کا جشن منایا جبکہ رونالڈو نے بھی ڈرم بجا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔