پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی نئی فلم ’شیروز‘ کی تشہیری تقریب میں منفرد انداز میں انٹری دے کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔ اداکارہ ڈیفنس میں بغیر کسی نمایاں سیکیورٹی کے عام افراد کے درمیان ہیوی موٹر سائیکل چلاتے ہوئے تقریب میں پہنچیں۔ انہوں نے سن گلاسز کے ساتھ نئی ماڈل کی ہیوی بائیک پر فلم کی پروموشنل تقریب میں شرکت کی، جس پر میڈیا نمائندوں اور دیگر افراد نے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے زارا نور عباس نے بتایا کہ ’شیروز‘ میں تین ہیروئنز شامل ہیں، جن میں کنزہ ہاشمی اور اشنا شاہ بھی شامل ہیں۔ ان کے مطابق فلم میں تمام کردار ہیرو اور ہیروئن دونوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ زارا نور نے بتایا کہ ’شیروز‘ 2 اکتوبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی اور فلم کی ٹیم کو اس کی کامیابی کی امید ہے۔