ٹیلر سوئفٹ نے نیویارک میں شادی کی سیکیورٹی اور پرمٹ کے اخراجات خود ادا کیے: میئر
نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے انکشاف کیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنی شادی کی تقریب کے دوران سیکیورٹی، پولیس تعیناتی اور دیگر سرکاری اخراجات کی رقم خود ادا کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقد ہونے والی شادی کی تقریبات کے لیے ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد رقم ادا کی، جو پرمٹ فیس اور اضافی پولیس خدمات پر خرچ کی گئی۔
پریس کانفرنس میں میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ تقریب کے انتظامات سے متعلق تمام اخراجات ادا کر دیے گئے تھے، اس لیے شہر یا ٹیکس دہندگان پر کسی اضافی مالی بوجھ کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔
رپورٹس کے مطابق معروف شخصیات کی اس ہائی پروفائل شادی کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، اطراف کی سڑکیں بند کی گئیں اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔
36 سالہ ٹیلر سوئفٹ نے این ایف ایل اسٹار ٹریوس کیلسی سے گزشتہ ہفتے شادی کی۔ تقریب میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کے علاوہ ایک بڑی استقبالیہ تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں تقریباً ایک ہزار مہمانوں نے شرکت کی۔
اگرچہ سیکیورٹی اخراجات کی تفصیلات سامنے آ چکی ہیں، تاہم شادی کی مجموعی لاگت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔ بعض امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شاندار تقریب پر تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈالر تک خرچ آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میئر کے بیان کے بعد یہ بحث ختم ہوگئی ہے کہ آیا شادی کی سیکیورٹی کے اخراجات نیویارک کے شہریوں یا ٹیکس دہندگان کو برداشت کرنا پڑیں گے یا نہیں۔