بھارتی ریاست گجرات کے ضلع جوناگڑھ میں ایک لوک گلوکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں عقیدت مندوں کو ان پر لاکھوں روپے نچھاور کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ایک روایتی ڈائرو پروگرام کے دوران پیش آیا جہاں بھجن گلوکار گوپال سادھو پرفارم کر رہے تھے۔ اسی دوران حاضرین نے ان پر کرنسی نوٹوں کی بارش شروع کر دی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار ہارمونیم بجاتے ہوئے مسلسل گاتے رہے جبکہ لوگ ان پر نوٹوں سے بھرے تھیلے اور گڈیاں پھینکتے رہے۔ ایک موقع پر نوٹوں کا ڈھیر اتنا بڑھ گیا کہ گلوکار تقریباً اس کے نیچے دب گئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنی بڑی رقم نچھاور ہونے کے باوجود گوپال سادھو نے بغیر رکے اپنی پرفارمنس جاری رکھی۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے مختلف دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ اسے کہتے ہیں اصل ورک فرام ہوم، بس بیٹھے بیٹھے نوٹوں کی بارش میں نہاتے رہو۔
دوسرے صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ امید ہے وہ صحیح طریقے سے سانس لے پا رہے ہوں گے کیونکہ لوگ مسلسل ان پر نوٹ ڈال رہے ہیں اور وہ گانا بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
کچھ صارفین نے اس رقم کے استعمال پر سوال اٹھاتے ہوئے مشورہ دیا کہ اسے فلاحی کاموں میں بھی خرچ کیا جانا چاہیے، جبکہ ایک صارف نے امید ظاہر کی کہ اس کا کچھ حصہ ضرورت مندوں تک بھی پہنچے گا۔