ہالی ووڈ ستاروں کی شادیوں کے بارے میں بہت سے لطیفے اور سنجیدہ واقعات مشہور ہیں، جیسے کہ شادی کی تقریب کو ایک ہفتہ بھی نہیں گزرا کہ علیحدگی کی خبریں آنا شروع ہو جاتی ہیں۔ 2004 میں برٹنی اسپیئرز اور ان کے بچپن کے دوست جیسن الیگزینڈر کی ہونے والی شادی کی مثال ہی لے لیجیے جو 55 گھنٹے سے زائد بھی نہ چل سکی۔
1998 میں کارمین الیکٹرا اور مشہور باسکٹ بال پلیئر ڈینس روڈمین صرف 9 دن ہی ایک دوسرے کو جھیل سکے۔ 1995 میں مشہور سنگر شیر نے راک اسٹار گریگ آل مین سے نو دن کے اندر ہی علیحدگی کا فیصلہ کر لیا تھا، تاہم کچھ ماہ بعد دوبارہ رجوع کر لیا مگر اس کے باوجود بھی یہ رشتہ چار سال سے زیادہ قائم نہ رہ سکا۔
1994 میں 19 سالہ ڈریو بیری مور نے لاس اینجلس کے 32 سالہ بار اونر جرمی تھامس سے چھٹے ہفتے میں ہی علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ پامیلا اینڈرسن اور رک سولومن دو مہینے میں ہی ایک دوسرے سے اُکتا گئے تھے۔ پامیلا اینڈرسن کی کڈ راک کے ساتھ دوسری شادی بھی 122 دن سے زیادہ نہ چل سکی۔ کم کارڈیشین اور کرس ہمفریز محض 72 دن تک ایک دوسرے کا ساتھ نبھا سکے۔ جینیفر لوپیز اور کرس جڈ کو فیصلہ کرنے میں صرف 218 دن لگے۔
یہ تو ذکر تھا ہالی ووڈ کے ان جوڑوں کا جو مختلف وجوہات کی بنا پر طویل عرصے تک ایک دوسرے کا ساتھ نہ نبھا سکے۔ اب بات کرتے ہیں ان جوڑیوں کی جو سالہا سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور جب سے انہوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما ہے، اس وقت سے ایک دوسرے پر اعتماد قائم رکھے ہوئے ہیں۔ ان خوبصورت جوڑوں میں سے چند ایک کا ذکر کیا جاتا ہے۔
ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ بیکہم
20 سال سے ایک دوسرے پر اعتماد قائم رکھے ہوئے ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ کی ملاقات 1997 میں ہوئی۔ اُس وقت ڈیوڈ بیکہم مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے کھیل رہے تھے اور وکٹوریہ مشہور زمانہ بینڈ اسپائس گرلز میں ’’پوش‘‘ کے نام سے مشہور تھیں۔ دونوں نے 1999 میں ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما اور آج بھی دونوں خوش و خرم زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ان دونوں کی شادی کو بھرپور میڈیا کوریج ملی۔ ان کے چار بچے بروکلین، رومیو، کروز اور ہارپر ہیں۔ وکٹوریہ آج کل فیشن ڈیزائننگ کر رہی ہیں۔
کیتھرین زیٹا جونز اور مائیکل ڈگلس
کیتھرین زیٹا جونز اور مائیکل ڈگلس کی شادی کے چرچے اور اس سے جڑے تنازعے بھی کافی مشہور ہوئے۔ اس کے علاوہ اس جوڑے کی شادی کی فوٹوگرافی کے کاپی رائٹس کا بھی خوب تہلکہ مچا رہا۔ 2000 میں ایجاب و قبول کرنے والی اس جوڑی کے تعلقات میں 2013 میں کچھ دراڑیں بھی آئیں لیکن دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنے اختلافات کو بڑھاوا دینے کے بجائے سلجھانے کو ترجیح دی اور آج یہ جوڑی پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ ان کی دو بیٹیاں ڈائلن اور کیریز ہیں۔
میرل اسٹریپ اور ڈون گمر
میرل اسٹریپ نے امریکی مجسمہ ساز ڈون گمر سے 1978 میں شادی رچائی تھی۔ دونوں اب تک خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں، ان دونوں کے چار بچے ہیں۔ زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو سمیٹتے اور چھوٹی موٹی خامیوں اور خرابیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے میرل اسٹریپ ہمیشہ تصویر کا روشن پہلو دیکھتی ہیں۔ وہ اپنی فیملی کو مربوط رکھے ہوئے ہیں اور ڈون گمر کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں۔
ہولی ولوبی اور ڈین بالڈوِن
ہولی ولوبی اور ڈین بالڈوِن نے 2007 میں شادی رچائی تھی۔ ان کے تین بچے ہیری، بیلے اور چیسٹر اپنے والدین کے ساتھ ایک مطمئن و مسرور زندگی گزار رہے ہیں۔ ہولی ولوبی 1999 سے معروف پروگراموں کی مشہور چینلز پر میزبانی کرتی آ رہی ہیں۔ 2008 میں ولوبی خیراتی ادارے ’ٹوگیدر فار شارٹ لائفز‘ کی سرپرست بنیں۔ ڈین بالڈوِن نے 1988 میں ٹی وی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ ہنگری بیئر میڈیا کے شریک بانی ہیں۔