Gas Leakage Web ad 1

تربوز: موسمِ گرما کا ذائقے دار، فرحت بخش تحفہ

0

تربوز کا نباتاتی نام ’’سٹریولس لیناٹس‘‘ ہے۔ موسمِ گرما کا یہ لاجواب پھل دنیا بھر میں بڑی تعداد میں کاشت کیا جاتا ہے اور اس کی ایک ہزار سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں۔ تربوز کی زیادہ تر انواع میں بہت زیادہ بیج موجود ہوتے ہیں، جبکہ کچھ اقسام بیج کے بغیر بھی پائی جاتی ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

اس کا پودا کاشت کے 100 دن کے اندر پھل دینا شروع کر دیتا ہے، جس کے لیے اسے 25 ڈگری سینٹی گریڈ درجۂ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ اس کے تنوں کی لمبائی تقریباً تین میٹر تک ہو سکتی ہے۔ 2020 کی ایک رپورٹ کے مطابق تربوز کی عالمی پیداوار 101.6 ملین میٹرک ٹن ہے، جس میں سے 60 فیصد پیداوار چین میں ہوتی ہے، جبکہ دیگر بڑے پیداوار کرنے والے ممالک میں ترکی، بھارت، ایران، الجزائر اور برازیل شامل ہیں۔

تربوز ایک خوشنما، میٹھا، رسیلا اور فرحت بخش پھل ہے۔ اس کے بیج بھی کھائے جا سکتے ہیں جن میں کاپر، زنک، آئرن اور میگنیشیم پایا جاتا ہے۔ عام طور پر 100 گرام تربوز میں 30 کیلوریز، 92 فیصد پانی، 0.2 گرام چکنائی، ایک ملی گرام سوڈیم، 112 ملی گرام پوٹاشیم، 8 گرام کاربوہائیڈریٹس، 0.4 گرام فائبر، 6 گرام شکر، 11 ملی گرام فاسفورس، 10 ملی گرام میگنیز، 8.1 ملی گرام وٹامن سی، ایک فیصد آئرن، 13 فیصد وٹامن اے اور 0.333 ملی گرام تھایامین پایا جاتا ہے۔

ذیل میں تربوز کے اہم طبی فوائد پیش کیے جا رہے ہیں۔

قوتِ مدافعت میں اضافہ: وٹامن سی کی بڑی مقدار کی وجہ سے تربوز قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے ایک بہترین پھل ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق جب انسان ذہنی دباؤ اور انفیکشن کا شکار ہوتا ہے تو اس میں وٹامن سی کی مقدار کم ہو جاتی ہے اور ایسی صورت میں تربوز کا استعمال نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

امراضِ قلب سے تحفظ: تربوز میں موجود اجزاء دل کی صحت کے لیے مفید ہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق تربوز میں موجود لائیکوپین بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتا ہے، جبکہ وٹامنز، میگنیشیم اور پوٹاشیم امراضِ قلب سے بچاؤ میں مدد دیتے ہیں۔

پٹھوں کے درد میں کمی: تربوز میں پایا جانے والا امینو ایسڈ سیٹرولائن پٹھوں کو مضبوط بناتا ہے اور ان کے درد میں کمی لاتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق مسلسل استعمال سے جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کی مقدار بڑھتی ہے جس سے خون کی روانی بہتر ہوتی ہے اور دل پر دباؤ کم ہوتا ہے۔

صحت مند جلد: اس پھل میں موجود وٹامن سی جسم میں کولیجن بنانے میں مدد دیتا ہے جو جلد اور بالوں کی صحت کے لیے اہم ہے۔ یہ جلد کو جھریوں اور خشکی سے بھی بچاتا ہے۔

نظامِ ہاضمہ میں بہتری: زیادہ پانی اور فائبر کی موجودگی کی وجہ سے تربوز ہاضمے کے لیے مفید ہے اور قبض کے شکار افراد کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

سوزش میں کمی: تربوز میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس، لائیکوپین اور وٹامن سی سوزش کم کرنے میں مدد دیتے ہیں اور بعض دماغی بیماریوں کے خطرات کو کم کر سکتے ہیں۔

بینائی میں اضافہ: تربوز میں موجود لائیکوپین آنکھوں کی صحت بہتر بنانے اور بینائی کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

کینسر سے تحفظ: تربوز میں موجود لائیکوپین ایک مؤثر اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو خاص طور پر پروسٹیٹ کینسر سے تحفظ میں مددگار سمجھا جاتا ہے۔

دمے سے حفاظت: وٹامن سی کی موجودگی سانس کی نالیوں کی سوزش کم کرتی ہے اور دمے کے مریضوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔

مسوڑھوں کی صحت: وٹامن اے مسوڑھوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

وزن میں کمی: تربوز میں پانی کی زیادہ مقدار ہونے کی وجہ سے یہ میٹابولزم بہتر کرتا ہے اور وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

گردوں کی صحت: اگرچہ اس میں پوٹاشیم موجود ہے، لیکن تربوز جسم سے زہریلے مادے خارج کرنے میں مدد دیتا ہے اور گردوں کی صحت کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔

پانی کی کمی سے بچاؤ: تربوز میں 92 فیصد پانی موجود ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے اور جسمانی افعال کو بہتر بناتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.